17/12/2025
تورکھو تریچ یوسی عوام کا متفقہ مطالبہ
اطلاعات کے مطابق جیز کمپنی اپر چترال کے مختلف علاقوں میں موبائل ٹاورز کی تنصیب پر غور کر رہی ہے۔ یہ خبر ہمارے لیے امید کی کرن ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تورکھو تریچ یوسی آج بھی بنیادی مواصلاتی سہولت، یعنی موبائل نیٹ ورک، سے تقریباً مکمل طور پر محروم ہے۔ ہم تورکھو تریچ یوسی کے باشعور عوام نہایت ادب اور خلوص کے ساتھ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور جیز کمپنی کے ذمہ داران سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس دیرینہ محرومی کا ازالہ کیا جائے، تریچ کے لیے کم از کم ایک موبائل ٹاور فوری طور پر نصب کیا جائے اور دو ٹاورز اس انداز سے منصوبہ بندی کے ساتھ لگائے جائیں کہ استارو سے لے کر کھوت اور ریچ مڑپ تک زیادہ سے زیادہ آبادی مستفید ہو سکے، نیز ٹاورز کی لوکیشن ایسی منتخب کی جائے جہاں سے پورے علاقے کو مضبوط اور پائیدار نیٹ ورک میسر آ سکے۔ یہ مطالبہ کسی فرد یا گروہ کا نہیں بلکہ پوری تورکھو تریچ یوسی کے عوام کی متفقہ آواز ہے، کیونکہ آج کے دور میں نیٹ ورک صرف سہولت نہیں بلکہ تعلیم، صحت، تجارت، ہنگامی امداد اور قومی دھارے سے جڑنے کا بنیادی ذریعہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ متعلقہ ادارے ہماری اس جائز اور ضروری اپیل کو سنجیدگی سے لیں گے اور عملی اقدامات کے ذریعے تورکھو تریچ کو بھی وہ حق دیں گے جس کا وعدہ ہر شہری سے کیا جاتا ہے۔