10/06/2026
سبا ویراں کہ اب تک اس زمیں پر ہیں
کسی عیار کے غارت گروں کے نقشِ پا باقی
سبا باقی، نہ مہروئے سبا باقی!
سلیماں سر بہ زانو
اب کہاں سے قاصدِ فرخندہ پے آئے؟
کہاں سے، کس سبو سے کاسۂ پیری میں مے آئے؟
قدیم ملتان کی داستان سناتا ایک جدید میوزیم:
گزشتہ روز اپنے دیرینہ دوست محمد شاہد اقبال کی ملتان میں موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نو قائم شدہ ملتان میوزیم کی سیر کا موقع ملا۔ اس موقع پر میوزیم کے انچارج ثاقب صاحب نے نہایت محبت اور خلوص سے ہمارا استقبال کیا اور میوزیم کی تشکیل، مختلف گیلریز اور اس کے تاریخی و ثقافتی پسِ منظر سے آگاہ کیا۔
ملتان میوزیم پہنچتے ہی سب سے پہلے اس کے جدید مگر روایتی طرزِ تعمیر پر نظر ٹھہر جاتی ہے۔ عمارت کی بناوٹ میں ملتان کے قدیم فنِ تعمیر کی جھلک نمایاں نظر آتی ہے گویا جدید دور میں ماضی کی ایک خوبصورت بازگشت سنائی دیتی ہو۔
میوزیم کا محلِ وقوع بھی اپنی مثال آپ ہے۔ عمارت کے عقب میں آسمان کو چھوتا حضرت شاہ رکنِ عالمؒ کا مزارِ پُر انوار اور ساتھ ہی قاسم فورٹ کی تاریخی دیوار اس منظر کو ایسی دلکشی عطا کرتی ہے کہ آنے والا کچھ لمحے ٹھہر کر اس حسنِ امتزاج کو محسوس کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔
میوزیم کے مرکزی ہال میں داخل ہوتے ہی نگاہ ملتان کے پہلے مسلمان فاتح محمد بن قاسم کے مجسمے پر جا ٹھہرتی ہے جو ایک جنگی منظر کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ منظر محض ایک مجسمہ نہیں بلکہ اُس تاریخ کی یاد دہانی ہے جس نے برصغیر میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔
دیواروں پر آویزاں تصویری گیلری بھی اپنی مثال آپ ہے۔ یہاں ملتان کی تاریخ کے مختلف ادوار تصویروں کی زبان میں گفتگو کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ خونی برج کے مقام پر سکندر اعظم کے زخمی ہونے کی منظر کشی، سکھ دور کی جنگیں، مغلیہ اور برطانوی عہد کے تاریخی مناظر اور وسیب کی قدیم عمارات کی تصاویر دیکھنے والے کو صدیوں پر محیط تاریخ کے سفر پر لے جاتی ہیں۔
میوزیم میں آنے والوں کی سہولت کے لیے مناسب نشستوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جہاں بیٹھ کر زائرین نہ صرف آرام کر سکتے ہیں بلکہ اس تاریخی ماحول کو مزید قریب سے محسوس بھی کر سکتے ہیں۔
ملتان میوزیم کی چار مستقل گیلریز دراصل اس پورے خطے کی تہذیبی داستان ہیں:
🏺 آثارِ قدیمہ گیلری
جہاں قدیم نوادرات، سکے اور تاریخی آثار ماضی کے دَر وا کرتے ہیں۔
🎨 فن و دستکاری گیلری
جو بلو پوٹری، کاشی گری، کیمل سکن آرٹ اور وسیب کی روایتی ہنرمندی کا شاندار تعارف پیش کرتی ہے۔
🕌 اسلامک گیلری
جو اسلامی تاریخ، فن اور خطے کے مذہبی ورثے کی جھلک دکھاتی ہے۔ یہاں قرآنِ مجید کے قدیم قلمی نسخے رکھے گئے ہیں۔
🏛️ تہذیب و تمدن گیلری
جہاں جنوبی پنجاب کی ثقافت، روایات، طرزِ زندگی اور سماجی ارتقا کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔
ملتان کا شمار دنیا کے قدیم ترین زندہ شہروں میں ہوتا ہے۔ یہ شہر ہزاروں برس کی تہذیب، تصوف، علم، تجارت اور ثقافت کا امین ہے۔ ملتان میوزیم اسی عظیم داستان کو جدید انداز میں محفوظ اور پیش کرنے کی ایک قابلِ ستائش کاوش ہے۔
اگر آپ ملتان کی روح کو محسوس کرنا چاہتے ہیں، اس کی تاریخ کو قریب سے جاننا چاہتے ہیں اور اس شہر کے تہذیبی ارتقاء کو ایک ہی مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں تو ملتان میوزیم ضرور جائیں۔
کیونکہ ملتان صرف ایک شہر نہیں بلکہ تہذیبوں، روایتوں اور صوفیانہ فکر کی ایک زندہ کتاب ہے۔
Wasaib Explorer Cross Route CRC (Motorcycle Travelers Club of Pakistan)