11/08/2024
🛑کرہ ارض اس وقت ایک شدید شمسی طوفان کی لپیٹ میں ہے، جس کے اثرات اگلے 3 سے 4 دن تک زمین پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ اسپارکو کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ سورج سے خارج ہونے والا مواد اور توانائی زمین کی طرف بڑھ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں جیو مقناطیسی طوفان پیدا ہو رہا ہے۔ یہ طوفان سیٹلائٹس، پاور گرڈ، اور خلائی اسٹیشنز کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔ سورج سے نکلنے والی کورونل ماس ایجیکشنز اس وقت زمین کے راستے میں ہیں، جو مزید خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔
7 اگست کو سورج سے نکلنے والی دو ایم کلاس سولر فلیئرز نے ابتدائی طور پر معمولی اثرات مرتب کیے تھے، لیکن تیسرا سولر فلیئر ان سے کہیں زیادہ طاقتور تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سورج کی سطح سے مزید شدت کے فلیئرز خارج ہو رہے ہیں، جن کے اثرات زمین پر محسوس کیے جائیں گے۔ یہ پلازمہ اور مقناطیسی لہریں زمین پر شمسی طوفان کا سبب بن سکتی ہیں، جو ریڈیو بلیک آؤٹ، سیٹلائٹس کی خرابی، اور سیلولر فون اور جی پی ایس نیٹ ورک میں خلل پیدا کر سکتی ہیں۔
2003 میں ایک طاقتور شمسی طوفان نے جاپان کے ایک مصنوعی سیارے کو تباہ کر دیا تھا اور سویڈن میں بلیک آؤٹ کا سبب بنا تھا، جبکہ جنوبی افریقہ میں بجلی کی ترسیل کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا تھا۔ موجودہ طوفان کی شدت بھی اس وقت کی صورتحال کی طرح خطرناک ہو سکتی ہے، اور ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔